
Passenger plane carrying 10 people goes missing in Alaska
اردو انٹرنیشنل امریکی ریاست الاسکا میں بیرنگ ایئر کا ایک مسافر طیارہ لاپتہ ہو گیا ہے، جس میں 10 افراد سوار تھے۔ حکام طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں، الاسکا کے محکمۂ پبلک سیفٹی نے بتایا ہے کہ بیرنگ ایئر کا طیارہ جمعرات کی شام تقریباً چار بجے لا پتا ہوا جو یونالکلیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا۔
امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے مطابق، الاسکا میں ہوائی حادثات کی شرح دیگر امریکی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ وہاں پہاڑ، خراب موسم اور دیہات کے درمیان سڑکوں کے نہ ہونے کے باعث نقل و حمل کے لیے چھوٹے طیارے استعمال کیے جاتے ہیں۔
بیرنگ ایئر کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈیوڈ اولسن کے مطابق طیارے نے دو بج کر 37 منٹ پر یونالکلیٹ شہر سے اڑان بھری تھی اور اڑان بھرنے کے 38 منٹ بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ سمندر سے تقریباً 19 کلو میٹر دور پرواز کر رہا تھا۔
ابھی تک بیرنگ ایئر کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، اور نہ ہی حادثے کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔ حکام طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں اور جلد ہی مزید تفصیلات جاری کی جا سکتی ہیں۔