اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ماچے پریسارسکی ہریس نے کہا ہے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے، ہم پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت کو سراہتے ہیں۔
پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر ماچے پریسارسکی ہریس نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات کو 62 برس سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے، ہم پاکستان کی اقوام متحدہ امن مشنز میں شرکت کو سراہتے ہیں۔
سفیر ماچے پریسا سکی ہریس نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات بین الاقوامی واقعات کے تناطر میں اہم ہیں، بالخصوص افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا، یوکرین جنگ میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوا، ہمارے باہمی تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں، پولینڈ کے کئی ڈیویلپمنٹ اور ہیومینیتیرین منصوبے پاکستان میں جاری ہیں، 2018 میں یہ باہمی تجارتی حجم 456.74 ملین یورو تھا،2023 میں باہمی تجارتی حجم بڑھ کر 876 ملین یورو ہوگیا ہے۔
پولش سفیر نے کہا کہ پولینڈ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بھی کام کررہا ہے، ایلیمینٹری اسکولز کے لیے تعلیمی آلات کی خرید و ترسیل بھی ان منصوبوں میں جاری ہے، پاکستان اور پولینڈ میں تعاون کی صلاحیت کافی وسیع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولش معیثت یورپی یونین میں تیزی سے نمو پاتی معیثت ہے، پولینڈ یورپ میں سب سے زیادہ برآمدات کرنے والا ملک ہے، یوکرین کے خلاف روسی جارحیت نے یورپ کے سیکیورٹی آرکیتیکچر کو بدل کر رکھ دیا ہے۔