اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پیرا اولمپکس میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتنے والے حیدر علی کو 50 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا ہے۔
یہ کیش ایوارڈ پی ایس بی کی نئی منظور شدہ پالیسی کے تحت دیا گیا، جسے حال ہی میں بورڈ کی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا۔ نقد انعام کا چیک وزیر اعظم کے بین الصوبائی رابطہ کے مشیر رانا ثناء اللہ خان نے حیدر علی کو پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے حیدر علی کی لگن اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اس کارنامے سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہ حکومت اس طرح کے اقدامات کے ذریعے کھیلوں کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔
ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر حکام نے بھی حیدر علی کے کارنامے کو سراہتے ہوئے اس ایوارڈ کو ملک کے لیے ان کی غیر معمولی کارکردگی اور خدمات کا اعتراف قرار دیا۔ نئی پالیسی کے تحت قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے دیگر کھلاڑیوں کو بھی ان کی کامیابیوں پر انعامات سے نوازا جائے گا۔