اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان میں وادی بیکا کے مشرقی شہر بعلبیک میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 38 افراد شہید اور 54 ہوگئے جب کہ صہیونی فورسز نے شام کے وقت بیروت کے جنوبی مضافات میں مزید حملے بھی کیے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے وادی بیکا کے مشرقی شہر بعلبیک اوربیروت کے مضافات میں کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 38 افراد شہید اور 54 زخمی ہوگئے۔
بعلبیک کے گورنر نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے علاقے پر 40 حملے کیے جس کے نتیجے میں 38 افراد شہید اور 54 زخمی ہوئے۔
تحديث لحصيلة اليوم من العدوان على #بعلبك #الهرمل لحد الآن :
٤٠ غارة
٣٨ شهيد / ٥٤ جريح
وما زالت اعمال رفع الأنقاض جارية في اكثر من مكان مستهدف.#بشير_خضر https://t.co/lfxX2EADjY— Bachir Khodr (@BachirKhodr) November 6, 2024
تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے ان حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اسرائیلی حملوں میں دار الحکومت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے مضبوط مراکز کو نشانہ بنایا گیا، صہیونی فورسز کی جانب سے شہریوں کو متعدد مقامات سے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس کے فوری بعد علاقے پر 4 فضائی حملے کیے گئے۔
یہ حملے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے اس بیان کے فوری بعد کیے گئے جس میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ سیاسی اقدامات سے ان کارروائیوں کا خاتمہ ہوجائے گا تاہم اسرائیل اپنے حملے بند کر دیتا ہے تو بالواسطہ مذاکرات کا راستہ نکل سکتا ہے۔
نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ جب دشمن جارحیت روکنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو مذاکرات کا راستہ پیدا ہوتا ہے اور یہ ہم لبنانی ریاست اور (پارلیمنٹ کے اسپیکر) ذریعے بالواسطہ مذاکرات کے ذریعے پہلے بھی واضح کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ اموات گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران ہوئی ہیں۔