اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں پاکستانی مشن نے گزشتہ ہفتے مڈل ٹیمپل اِن کے باہر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے حوالے سے شکایت بھیج دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس واقعے کے ایک دن بعد پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سفارتی ذرائع کے ذریعے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) کو شکایت بھیجی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو، پی ٹی آئی کے مظاہرین نے سفارتی گاڑی میں مڈل ٹیمپل سے باہر نکلنے والے قاضی فائز عیسیٰ سے بدتمیزی کی تھی اور کچھ ان کی گاڑی کی کھڑکیوں سے ٹکرائے اور مکے مارے تھے۔
واقعے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ قصورواروں کی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا، معاملے کو برطانیہ کے اعلیٰ ترین سفارتی حکام کے ساتھ اٹھائے جانے کے بعدمقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی گاڑی میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور انکی اہلیہ سوار تھے، معاملے کی تحقیقات مقامی قوانین کے مطابق کی جائیں گی۔