Saturday, October 5, 2024
Homeاسرائیلاسرائیل نے لبنان میں محدود زمینی آپریشن شروع کر دیا

اسرائیل نے لبنان میں محدود زمینی آپریشن شروع کر دیا

اسرائیل نے لبنان میں محدود زمینی آپریشن شروع کر دیا

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے پیر اور منگل کی شب جنوبی لبنان میں محدود زمینی آپریشن کا آغاز کر دیا جس میں حزب اللہ تنظیم کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس دوران میں جنوبی علاقوں پر جنگی طیاروں کی کثیر پروازیں جاری ہیں اور ٹینکوں سے شدید بم باری کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ “ناردرن ایروز” آپریشن حزب اللہ کے اہداف تک محدود ہے اور یہ “صورت حال کے جائزے کے مطابق” جاری رہے گا۔

بیان کے مطابق نشانہ بنائے جانے والے اہداف سرحد کے نزدیک لبنانی دیہات میں واقع ہیں جو شمالی اسرائیل کی آبادی کے لیے براہ راست خطے کا باعث ہیں۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی میرینز اور ٹینک جنوبی لبنان کے بعض دیہات میں داخل ہو گئے ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے دار الحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ کے 3 محلوں کی آبادی سے علاقہ خالی کر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان محلوں کے نام اللیکی، حارہ حریک اور برج البراجنہ ہیں۔

امریکا نے پیر کی شام اعلان کیا تھا کہ اسرائیل لبنانی اراضی کے اندر محدود کارروائیاں انجام دے رہا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو میلر نے صحافیوں کو بتایا کہ “انھوں نے مجھے یہ آگاہ کیا ہے کہ وہ اس وقت محدود کارروائیاں کر رہے ہیں جن میں سرحد کے نزدیک حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے”۔

ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے ایک سیکورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ “لبنانی فوج اسرائیل کے ساتھ سرحد سے 5 کلو میٹر اندر تک پیچھے چلی گئی ہے”۔

یاد رہے کہ آخری مرتبہ اسرائیلی فوج 2006 میں حزب اللہ کے ساتھ دوسری جنگ کے موقع پر لبنانی اراضی کے اندر داخل ہوئی تھی۔

اسرائیلی فوج نے کل پیر کے روز لبنان کے ساتھ اپنی شمالی سرحد پر بعض حصوں کو “بند فوجی علاقہ” قرار دے کر وہاں داخلہ ممنوع قرار دیا تھا۔

حزب اللہ کے زیر انتظام “المنار چینل” نے بتایا ہے کہ لبنانی سرحد کے اندر الوزانی، سہل الخیام، علما الشعب اور الناقورہ کے قصبوں کو توپوں کی گولا باری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لبنانی حکام کے مطابق 23 ستمبر کو حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں شدت آنے کے بعد سے اب تک اسرائیلی بم باری میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

RELATED ARTICLES

Most Popular

Recent Comments