غزہ:مغربی کنارے میں اسرائیلی آپریشن جاری ، وسیع پیمانے پر تباہی

0
69

غزہ:مغربی کنارے میں اسرائیلی آپریشن جاری ، وسیع پیمانے پر تباہی

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کے آغاز کو 48 گھنٹوں سے زیادہ گزر چکے ہیں۔ اس دوران میں دھاوے کے علاقوں بالخصوص طولکرم شہر میں نور شمس پناہ گزین کیمپ کے بنیادی ڈھانچے کو بڑی بربادی کا سامنا کرنا پڑا۔ طولکرم میں حکام نے امدادی کارروائیاں اور امداد کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

میڈیا چینلوں کے نمائندے کے مطابق سرکاری ٹیمیں آج جمعے کے روز سڑکوں اور راستوں کی مرمت کر رہی ہیں جو قابل استعمال نہیں رہیں۔

جنین شہر اور اس کے پناہ گزین کیمپوں میں اسرائیلی فوج کی عسکری کارروائیاں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے درجنوں گھروں پر چھاپے مار کر انھیں فوجی بیرکوں میں بدل دیا۔ اس دوران میں جنین کے مشرقی حصے میں فلسطینی جگنجوؤں اور اسرائیلی یونٹوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی بلڈوزروں نے مسجد خالد بن ولید کے کچھ حصوں کو منہدم کر دیا۔

اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح جنین، طوباس اور طولکرم پر دھاوا بول دیا تھا۔ یہ گذشتہ 22 برسوں میں مغربی کنارے میں ہونے والا سب سے وسیع فوجی آپریشن ہے۔ اس دوران میں 17 فسلطینی جاں بحق اور 25 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کم از کم 30 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ بنیادی ڈھانچے کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

گذشتہ برس 7 اکتوبر کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہنے کے بعد مغربی کنارے میں اب تک اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے کم از کم 640 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔