میتھیو موٹ انگلینڈ کے وائٹ بال کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق میتھیو موٹ نے ٹیم کے دو سال قیادت کے بعد فوری طور پر انگلینڈ کے وائٹ بال کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
موٹ انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھے جب انہوں نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر آسٹریلیا میں 2022 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا تاہم، ون ڈے ورلڈ کپ 2023 اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے تھے۔
انگلینڈ دونوں ٹورنامنٹس میں اپنے ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہا اور اس کی برطرفی کی افواہیں گردش کرنے والی رپورٹس میں سامنے آئیں تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ اپنا سفر جاری نہیں رکھیں گے۔
موٹ نے الوداعی خطاب میں کہا کہ مجھے انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کی کوچنگ کرنے پر بے حد فخر ہے یہ ایک اعزاز رہا ہے ہم نے پچھلے دو سالوں میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں سب کچھ لگا دیا ہے، اور مجھے اس کردار اور جذبے پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے جو ٹیم نے اس عرصے کے دوران دکھایا، جس میں 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شاندار فتح بھی شامل ہے.
میں کھلاڑیوں، انتظامیہ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ہر فرد کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ میرے وقت کے دوران انہوں نے عزم، تعاون اور سخت محنت کی میں بہت ساری عظیم دوستیاں اور ناقابل یقین یادیں چھوڑ کر جا رہا ہوں۔
آخر میں، میں انگلینڈ کے شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جنہوں نے ہمیشہ ہماری حمایت کی ہے اور جہاں بھی ہم نے دنیا بھر میں سفر کیا ہے ہمیں شاندار اسپورٹ فراہم کی ہے۔
اسسٹنٹ کوچ مارکس ٹریسکوتھک عبوری بنیادوں پر ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور وہ ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں انگلینڈ کے خلاف کوچنگ کریں گے۔
ٹریسکوتھک اب جوس بٹلر کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں کیونکہ انگلینڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی تیاریاں شروع کرے گا جس کی میزبانی پاکستان 2025 میں کرے گا۔