
بلوچستان کی یوتھ ن لیگ کو جوائن کرے کیونکہ ہمیں آپکی تکالیف کا ادراک ہے،مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج یہاں پر آپ سے وعدہ کر کے جا رہی ہوں کہ میری توجہ جس طرح پنجاب پر ہے اس طرح اب بلوچستان پہ بھی رہے گی. انہوں نے کہا کہ میں آج مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم کے ذریعے بلوچستان کی یوتھ کو ایک میسج دینا چاہتی ہوں کہ وہ مسلم لیگ ن کو جوائن کریں کیونکہ آپ کو جو آج تکالیف ہیں اور جو آپ کے مسائل ہیں بطور نمائندہ یوتھ ہمیں آپکی تکالیف کا ادراک ہے .مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن یہ اچھی طرح جانتی ہےکہ ان کے کیا مسائل ہیں ان کی کیا ضروریات ہیں.
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ سالوں میں بلوچستان کے اسٹوڈنٹس کے سکالرشپس کینسل کردیے گئے تھے .انہوں نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ ہائر ایجوکیشن کے لیے یہاں پر وہ سہولیات میسر نہیں ہیں جو ہونی چاہیے ، میاں نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں جو سکالرشپ شروع کیے تھے انکے جانے کے بعد وہ سکالرشپس معطل کر دیے گئے. مریم نواز نے کہا کہ اس سہولت کے ختم ہونے سے متاثرہ بلوچستان کے سٹوڈنٹس لاہور آئے اور انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا اور ان بچوں نے میرے ساتھ رابطہ کیا تو میں بھی ان کے ساتھ جا کر زمین پر بیٹھ گئی اور میں اس وقت جو آواز اٹھا سکتی تھی میں نے اٹھائی اور پھر اس کے کچھ دن بعد ان کی داد رسی بھی ہوئی .
مریم نواز نے کہا کہ اچھی اور اعلی تعلیم بلوچستان کے نوجوانوں کا حق ہےجو ان کو ملنا چاہیے ،اندرون ملک بہترین یونیورسٹیز بہترین کالجز ہیں ان میں ان کو رسائی ہونی چاہیے .انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سٹوڈنٹس کسی سے پیچھے نہیں ان کو اگر پراپر ٹریننگ اور سہولیات دی جائیں تو بلوچستان کی یوتھ کہاں سے کہاں پہنچ سکتی ہے.انہوں نے کہا کہ میں اب اس طرف توجہ دے رہی ہوں.