اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق دی گارڈین نے رپورٹ کیا کہ انگلینڈ کے لیجنڈری باؤلر جیمز اینڈرسن اس موسم گرما کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
کھلاڑی نے یہ فیصلہ ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم سے روبرو بات چیت کے بعد کیا۔
انگلینڈ 2025-26 کے موسم سرما میں اگلی ایشز سیریز کے لیے سیون اٹیک بنانے کی کوشش کر رہا ہے اس وقت تک اینڈرسن 43 سال کے ہو جائیں گے۔
انگلینڈ اس موسم گرما میں ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف چھ ٹیسٹ کھیلے گا جس میں اگست کے آخر میں اینڈرسن کے ہوم گراؤنڈ اولڈ ٹریفورڈ پر آخری ٹیسٹ بھی شامل ہے اور یہ ممکنہ طور پر اس کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔
انہوں نے اپنے بی بی سی پوڈ کاسٹ ٹیلنڈرز پر کہا کہ میں گرمیوں کے لئے واقعی پرجوش ہوں میں یقینی طور پر بہترین حالت میں ہوں میرا کھیل مزید خراب نہیں ہو رہا مجھے یہ پسند ہے کہ میرا کھیل کہاں ہے اور مجھے اب بھی ہر روز آنے اور نیٹ میں بہتر ہونے کی کوشش کرنے کا لطف آتا ہے۔
یاد رہے، اینڈرسن مارچ میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں 700 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے تیز گیند باز بن گئے اور مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔