اسرائیل کا ایران پر ’میزائل حملہ‘ ، ایران کااسرائیلی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کے چند دن بعد صیہونی فوج نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل داغ دیے۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی کے صوبے اصفہان کے ایئرپورٹ پر دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس کے بعد پروازیں معطل کر دی گئیں، جب کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان میں سنی جانے والی دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہے، حالانکہ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر میزائل داغے ہیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 30 منٹ پر اصفہان پر تین ڈرون حملے کیے گئے، ایرانی فضائیہ نے تینوں ڈرون مار گرائے، تاہم اب صورتحال کنٹرول میں ہے اور معطل پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔
ایک سینئر امریکی اہلکار کا بھی کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔
ایک سینئر امریکی اہلکار نے “Axios” کو بتایا کہ اسرائیل نے جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق ایران پر حملہ کیا۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق برطانوی خام تیل 2.63 ڈالر مہنگا ہوگیا، اس کی نئی قیمت 89.74 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل 2.56 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 84.66 فی بیرل کا ہوگیا۔