وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شیڈول جاری کردیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا شیڈول جاری ہو گیا،، کل 3 مارچ بروز اتوار کو قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا،قومی اسمبلی میں 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے سوا کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی۔رائے دہی سے قبل اسپیکر امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے،ایک ہی امیدوار ہونے کی صورت میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعظم منتخب ہوجائے گا۔
دو امیدوار ہونے کے صورت میں رائے دہی کرائی جائے گی۔اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کر سکا تو دوبارہ رائے شماری ہو گی۔رائے دہی سے قبل پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی،گھنٹیاں بجانے کے بعد قومی اسمبلی ایوان کے دروازے مقفل کر دیے جائیں گے۔
رائے شماری کے عمل کے بعد سیکریٹری تقسیمی فہرست جمع کروائے گا، ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کے بعدقومی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کیلئے انتخاب کل ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے مشترکہ امیدوارشہباز شریف ہونگے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کیلئے میدان میں اتارا ہے ۔ وزیراعظم کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اتحادی امیدوار آج کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج ہی مکمل ہوگی۔ن لیگ کے رہنما شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔نمبر گیم پورا ہونے کے باعث شہباز شریف ممکنہ طور پر مقابلہ جیت کر دوسری بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت سنی اتحاد کونسل عمر ایوب کو نامزد کر چکی ہے۔