برازیلین فٹبال سٹار ڈینی ایلوس کو جنسی زیادتی کے کیس میں ساڑھے چار سال کی سزا
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسپین کی عدالت نے برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی ایلوس کو ریپ کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنا دی اور ساتھ ہی عدالت نے فٹبالر کو متاثرہ خاتون کو ایک لاکھ 50 ہزار یورو (ایک لاکھ 62 ہزار ڈالرز) معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق بارسلونا اور برازیل کے سابق فٹ بال سٹار ڈینی ایلوس کو دسمبر 2022 میں بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا مجرم پایا گیا تھا.
متاثرہ خاتون کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ ڈینی ایلوس نے زبردستی ان کا ریپ کیا، جس کے بعد وہ جنوری 2023 میں گرفتاری کے بعد سے پولیس کے حراست میں تھے.
ڈینی ایلوس نے ایک ٹی وی انٹرویو میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ اس خاتون کو نہیں جانتے تاہم بعد میں انہوں نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاتون کے ساتھ جنسی عمل کیا تھا اور اس میں دونوں کی مرضی شامل تھی.
ڈینی نے بعد میں موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی شادی شدہ زندگی کو بچھانے کیلئے جھوٹ بولا تھا کہ وہ اس خاتون کو نہیں جانتے کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ ان کی بیوی اسے چھوڑ کر چلی جائے گی.
اسٹیٹ پراسیکیوٹرز نے ایلوس کے لیے نو سال قید کی سزا مانگی تھی جب کہ متاثرہ خاتون کے وکلا نے 12 سال سزا کا مطالبہ کیا تھا.
بارسلونا کی عدالت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈینی ایلوس نے متاثرہ خاتون سے زبردستی کی تھی اور متاثرہ خاتون کی گواہی کے علاوہ بھی ایسے شواہد موجود ہیں جس سے ملزم کا جرم ثابت ہوگیا ہے.
عدالت کے فیصلے کے مطابق ساڑھے چار سال قید اور ایک لاکھ 50 ہزار یورو (ایک لاکھ 62 ہزار ڈالرز) جرمانہ کے ساتھ ڈینی ایلوس مزید پانچ سال تک قانونی نگرانی میں رہے گا.
ڈینی پر نو سال اور چھ ماہ تک متاثرہ خاتون کے ساتھ رابطے پر پابندی عائد کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ڈینی ایلوس کے وکیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے.