امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے موجودہ ویزا پروگرام (ای بی ۔5) ختم کر کے اسے “گولڈ کارڈ” میں تبدیل کردیا جائے گا، جو 5 ملین ڈالر میں خریدا جا سکے گا اور امریکی شہریت حاصل کرنے موقع فراہم کرے گا۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہم ایک گولڈ کارڈ متعارف کرانے جا رہے ہیں، جس کی قیمت 5 ملین ڈالر ہوگی۔ جو لوگ یہ کارڈ خریدیں گے، انہیں گرین کارڈ کے برابر مراعات دی جائیں گی، اور وہ امریکی شہریت حاصل کر سکیں گے۔”
امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز کے مطابق، (ای بی ۔5) ویزا پروگرام 1990 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ غیر ملکی سرمایہ کار امریکی معیشت میں سرمایہ کاری کریں اور بدلے میں گرین کارڈ حاصل کریں۔ تاہم، ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام “دھوکہ دہی اور کرپشن پر مبنی ہے”، اسی لیے اسے ختم کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس سکیم کی مکمل تفصیلات دو ہفتوں میں سامنے آئیں گی۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا روسی اولیگارچ (امیر کاروباری افراد) بھی اس کارڈ کے اہل ہوں گے؟ تو ٹرمپ نے کہا، “ہاں، ممکن ہے۔ میں کچھ روسی اولیگارچوں کو جانتا ہوں جو بہت اچھے لوگ ہیں۔”
کامرس سیکرٹری ہاورڈ لوٹن کے مطابق، ” (ای بی ۔5) پروگرام میں بے ضابطگیاں تھیں، اس لیے ہم اسے مکمل طور پر ختم کر کے ایک نیا اور زیادہ شفاف سسٹم لا رہے ہیں، جسے ‘ٹرمپ گولڈ کارڈ’ کہا جائے گا۔”