اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پاکستان سے ایک اور وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی تصدیق کی ہے۔
لیب نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک سے بچی میں پولیو کے کیس کی تصدیق کی، جس سے رواں سال کیسز کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔
جمع کردہ نمونوں سے الگ تھلگ وائرس کی جینیاتی سیکوینسنگ سے واضح ہوا ہے کہ یہ جولائی میں اسی ضلع میں پائے جانے والے ڈبلیو پی وی 1 سے جینیاتی طور پر منسلک ہے۔
یہ ٹانک سے پولیو کا دوسرا اور رواں سال پاکستان میں پولیو کا 50واں کیس ہے۔
اب تک بلوچستان سے 24، سندھ سے 13، خیبر پختونخوا سے 11 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
ٹانک، جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو سے متاثرہ اضلاع میں سے ایک ہے اور اس سال یہاں سے متعدد مثبت ماحولیاتی نمونوں کے ساتھ ساتھ دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پولیو وائرس کا پھیلاؤ بچوں کے لیے بدستور خطرہ ہے۔