صدر مملکت نے اسحٰق ڈار کو سینیٹ کے پہلے اجلاس کیلئے پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تجویز پر وفاقی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو سینیٹ کے پہلے اجلاس کے لیے پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا۔
صدر مملکت نے اسحٰق ڈار کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔
وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے پہلے اجلاس میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے، الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پر 14 مارچ کو انتخابات منعقد کیے تھے، سینیٹ کی بقیہ نشستوں پر الیکشن 2 اپریل کو منعقد ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی مدت ملازمت بھی 11 مارچ کو مکمل ہوگئی ہے، سینیٹ کا پہلا اجلاس یا تو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کی زیر صدارت ہوتا ہے یا ان کی غیر موجودگی میں صدر مملکت کسی کو نامزد کرتے ہیں جسے پریزائیڈنگ افسر کہا جاتا ہے۔