آزاد امیدوار نے مجھ سے زیادہ ووٹ لیے،حافظ نعیم الرحمان کا اپنی نشست چھوڑنے کا اعلان
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنی جیتی ہوئی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا جو جیتے اسے جیتنے دو جو ہارے اسے ہارنے دو، میری جیتی ہوئی سیٹ پر فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی جیتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اپنے ضمیر اور اپنی جماعت کی اخلاقی روایات کے مطابق اپنی صوبائی اسمبلی کی سیٹ چھوڑنے کا اعلان کرتاہوں اور مطالبہ کرتاہوں کہ ہمیں ہماری ساری جیتی ہوئی سیٹیں واپس کی جائیں۔
قبل ازیں کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔حافظ نعیم الرحمان نے صوبائی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ایس 129 کی سیٹ واپس کرتا ہوں۔ خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے ،تحریک انصاف کے امیدوار نے مجھ سے زیادہ ووٹ لیے،مصطفیٰ کمال سمیت تمام لوگوں کو بدترین شکست ہوئی ہے،یہ جعل سازی کرکے پھنس گئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ لوگوں کو انتہا پسندی کی طرف لے کر نہیں جانا چاہئیے۔ عوام کو حق رائے دہی سے محروم کیا گیا۔کارروائی کرنے والوں نے پہلے کیمرے ہٹائے پھر ڈبے بھرنا شروع کر دئیے۔ مطالبہ کرتا ہوں کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے۔جعلی مینڈیٹ پر جشن منانے والے ڈوب مریں۔فارم 45 نہیں دئیے جا رہے۔ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان فوری نوٹس لیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد جہاں ملک بھر سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے وہیں کئی سیاسی جماعتوں کے امیدواران نے نتائج ماننے سے انکار کر دیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی الیکشن نتائج روکے جانے اور مبینہ دھاندلی کے خلاف شہر قائد کی8 بڑے مقامات میں اسٹار گیٹ، کورنگی ڈھائی نمبر، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، یوپی موڑ نارتھ کراچی، اورنگی پونے پانچ چورنگی، حسن اسکوائر،قائد آباد چورنگی، امتیاز سپر مارکیٹ ناظم آباد 7 نمبراحتجاج کیاگیا۔
انتخابی دھاندلی کے خلاف شاہ فیصل کالونی اسٹار گیٹ پر بھی احتجاجی مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمان، پی ایس91 سے نو منتخب ممبر سندھ اسمبلی محمد فاروق بھی شریک ہوئے۔کارکنان سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ،الیکشن کمیشن لکھے ہوئے اور دیئے گئے فیصلے پڑھ کر سنا رہا ہے، سیٹوں کا بٹوارا پیپلز پارٹی نے کیا۔
جہانگیرترین نےاستحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا