حکومت نے عید سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کا اضافہ کر دیا
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) نو منتخب حکومت نے عید الفطر سے قبل عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بننے والا ایک اور فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے کا اضافہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کا تیل 2 روپے 27 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 186 روپے 39 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 38 پیسے کمی کردی گئی جس کے بعد نئی قیمت 167روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے.
وزارت خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے باعث کیا گیا، بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ رد و بدل حکومت کی عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے اثرات کو مقامی مارکیٹ پر منتقل کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے۔