
تحریک انصاف کے اہم ترین رہنماء کا استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نےتحریک انصاف کو چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پی کی قیادت کے ہمایوں اختر خان کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں، جس کے بعد سابق وفاقی وزیر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا اور ہمایوں اخترآج پریس کانفرنس میں آئی پی پی میں شامل ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کریں گے۔
معلومات کے مطابق گزشتہ روز جہانگیرترین، اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری نے ہمایوں اختر سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، اس دوران ہونے والی بات چیت میں سابق وفاقی وزیر کے جہانگیر ترین کی جماعت آئی پی پی کے ساتھ معاملات طے پائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کے وقت ایک بیان میں ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق قائم ہے اور شہید اختر عبدالرحمٰن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہمارے شہداء کا لہو اور قربانیاں یہ قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، 9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کی طرح ہمارے خاندان کو بھی انتہائی افسردہ کیا، بالخصوص شہداء کی یادگاروں کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ شہید کی اولاد ہونے کے ناطے اُن کے لیے شدید باعثِ رنج تھا اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں میرے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلق جاری رکھنا ممکن نہیں رہا لہٰذا میں پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، پاکستان کی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کا بے انتہا احترام کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ قوم اور اس کے محافظوں کا یہ محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔