Tuesday, January 7, 2025
HomeTop Newsامریکا کے مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے مطالبے پر وزیر...

امریکا کے مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے مطالبے پر وزیر خارجہ کا قرارداد لانے کا اعلان

Published on

امریکا کے مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے مطالبے پر وزیر خارجہ کا قرارداد لانے کا اعلان

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں عام انتخابات مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے امریکی قرارداد کے مقابلے میں قرارداد لانے کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ امریکی قرارداد کا سخت نوٹس لیا ہے، اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جائے گی، کچھ چیزیں بہت حساس ہیں جن میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کیلئے مسودہ تیار کرلیا، قرارداد کا مسودہ اپوزیشن کے ساتھ بھی شیئرکریں گے، ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، ہم بھی یہاں بیٹھ کر دوسرے ملکوں کے بارے میں بہت کچھ کہہ سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے اپوزیشن رہنماؤں سمیت تمام جماعتوں سے امریکی قرارداد کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے کی اپیل کی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی پالیسی یہاں پیش کروں گا، یہاں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر حکومت نے کچھ نہیں کیا، جس پر میں کہنا چاہوں گا کہ امریکی قرارداد سے متعلق دفترخارجہ نے کل رد عمل دیا تھا جو میں ایوان کو بتانا چاہوں گا۔

اسحٰق ڈار نے ایوان کو بتایا کہ دفترخارجہ نے کل امریکی قرارداد کے رد عمل میں کہا ’پاکستان نے امریکی ایوان نمائندگان میں منظور قرارداد کو نوٹ کیا ہے لیکن قرارداد کی منظوری کا وقت اور سیاق و سباق پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کے مثبت پہلوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے‘۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے کہا ’ قرارداد پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل سے نامکمل واقفیت کا نتیجہ ہے، جب کہ پاکستان دنیا کی دوسری بڑی پارلیمانی جمہوریت اور پانچواں بڑا جمہوری ملک ہے، اور پاکستان اپنے قومی مفاد میں قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے۔’

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے رد عمل میں مزید کہا گیا ’ ایسی قراردادیں نہ تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد، پاکستان باہمی احترام اور مفاہمت کی بنیاد پر تعمیری مذاکرات اور رابطوں پر یقین رکھتا ہے، امید ہے امریکی کانگریس پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی’۔

نائب وزیراعظم نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں فلسطین پر بات ہوئی کہ حکومت کچھ نہیں کررہے، یہ سن کر مجھے بہت افسوس ہوا، فلسطین کے معاملے پر مستعدی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے او آئی سی اجلاس، گیمبیا میں سمٹ کے موقع پر اور ترکی کانفرنس میں غزہ پر واضح موقف اپنایا کہ القدس شریف فلسطین کا دارلخلافہ ہونا چاہیے، جب کہ پاکستان نے اسرائیل کا نام لیکر مذمت کی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے آئینی ترمیم کے لیے اپوزیشن کو پیشکش کی کہ آئیں ملکر بیٹھیں، میں خود 2003 سے مسلم لیگ (ن) اوورسیز کا صدر ہوں، مجھ سے زیادہ اس میں کون دلچسپی لے گا کہ انہیں حقوق ملیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ باہر بیٹھ کر پشاور، میانوالی یا دیگر شہروں میں اپنے ووٹ کاسٹ کریں، آئیں ملکر انہیں اس ایوان میں چند سیٹوں پر نمائندگی دیں، اور اوورسیز بھی یہی چاہتے ہیں کہ ان کو چند سیٹوں کی نمائندگی مل جائے، تاکہ وہ وہاں کے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں۔

خیال رہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب کہ امریکا کے ایوان نمائندگان نے 8 فروری 2024 کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کے بعد ہیر پھیر کے دعووں کی غیر جانبدار تحقیقات کے حق میں قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ملک کے جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت پر زور دیا تھا۔

امریکی ایوان میں 7 کے مقابلے میں 368 امیدواروں نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جس میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعووں کی مکمل اور آزادنہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

قرار داد میں پاکستان کے لوگوں کو ملک کے جمہوری عمل میں حصہ لینے کی کوشش کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی، ان کوششوں میں ہراساں کرنا، دھمکانا، تشدد، بلا جواز حراست، انٹرنیٹ اور مواصلاتی ذرائع تک رسائی میں پابندیوں یا ان کے انسانی، شہری اور سیاسی حقوق کی خلاف ورزی شامل ہے۔

ہاؤس ریزولوشن 901 میں کہا گیا کہ یہ قرارداد جمہوریت اور انسانی حقوق کے حوالے سے حمایت کے اظہار کے لیے ہے۔

Latest articles

کینیڈا کو اب باضابطہ طور پر امریکی ریاست بن جانا چاہیے: ڈونلڈ ٹرمپ

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے پر امریکا کے...

پاکستان کے سہیل عدنان نے برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سہیل عدنان نے انڈر...

صائم ایوب ہمارا اثاثہ ہیں، چیئرمین محسن نقوی

اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے...

فوجی عدالتوں کا کیس: آئین واضح ہے ایگزیکٹوز عدلیہ کا کردار ادا نہیں کرسکتے، جسٹس جمال مندوخیل

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس کی...

More like this

کینیڈا کو اب باضابطہ طور پر امریکی ریاست بن جانا چاہیے: ڈونلڈ ٹرمپ

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے پر امریکا کے...

پاکستان کے سہیل عدنان نے برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سہیل عدنان نے انڈر...

صائم ایوب ہمارا اثاثہ ہیں، چیئرمین محسن نقوی

اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے...