ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ :انگلینڈ نے امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اتوار کو کینسنگٹن اوول، بارباڈوس میں کھیلے گئے اپنے آخری سپر 8 مقابلے میں انگلینڈ امریکہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
جوس بٹلر اور فل سالٹ نے 116 رنز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئی ایک بھی وکٹ کھوئے بغیر جیت اپنے نام کر لی.
بٹلر نے 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے صرف 38 گیندوں پر 83 رنز بنائے جس میں نویں اوور میں امریکہ کے ہرمیت سنگھ کو لگاتار 5 چھکے بھی شامل تھے۔
انگلینڈ سپر 8 میں جگہ حاصل کرنے والی آخری ٹیم تھی لیکن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں انگلش باؤلرز ایک بار پھر اپنے حریف پر حاوی ہوئے اور امریکہ کی پوری ٹیم کو 18.5 اوورز میں صرف 115 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔
کرس جارڈن نے 19ویں اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک سمیت4 وکٹیں حاصل کیں وہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے باؤلر بن گئے۔
انگلش باؤلرز شروع سے ہی امریکہ کے بلے بازوں پر چھائے رہے کیونکہ وہ وقفے وقفے سے وکٹیں لیتے رہے۔
صرف نتیش کمار ( 30)، کوری اینڈرسن (29) اور ہرمیت سنگھ ( 21) نے بیٹنگ سائیڈ کے لیے کچھ اہم رنز بنائے جبکہ ان کے کپتان آرون جونز 16 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔
جارڈن نے 4، سیم کرن اور عادل رشید نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون اور ریس ٹوپلے نے ایک وکٹ حاصل کی۔