اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ شب ایک بار پھر شام کے ساحلی شہر طرطوس کو نشانے پر رکھ لیا، 8 گھنٹوں تک ہونے والی بمباری کے نتیجے میں شہر زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے 10 سے زیادہ حملے کیے بم باری اتنی شدید تھی کہ حملے کا نشانہ بننے والے علاقے ریکٹر اسکیل پر 3 کی شدت کے برابر جھٹکوں سے لرز اٹھے۔
رپورٹ کے مطابق شام میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں فضائی دفاع کے یونٹ اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے گودام شامل ہیں۔
گزشتہ رات ہونے والے یہ حملے 2012 سے اب تک کے شدید ترین حملے تھے۔
ان حملوں سے متعلق شامی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب شہر کو اسرائیلی بم باری میں اتنے بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا۔