سینیٹر طلحہ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
اسلام آباد میں رہنما پیپلزپارٹی نیئر بخاری اور فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں، ایک ہفتہ قبل صدر آصف علی زرداری سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی تھی، انہوں نے مجھے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں جمعیت علمائے اسلام کے علاوہ کسی جماعت میں نہیں رہا لیکن اس وقت پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملک میں معاشی بدحالی ہے، ملک اس وقت مسائل میں گھرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بحران سے گزر ررہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، میں مختلف عہدوں پر کام کرتا رہا ہوں، میری زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے۔
سینیٹر طلحہ محمود نے مزید کہا کہ اس وقت پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی سے بہترین سیاسی جماعت کوئی نہیں ہے.