پاکستان میں سٹیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے سعودی صنعت کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں،نگراں وزیر تجارت
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان میں سٹیل اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے سعودی صنعت کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ملک کے 10 بڑے صنعتکاروں کا وفد آئندہ ماہ ان کی قیادت میں ریاض جائے گا۔ سعودی سفیر سے ملاقات میں پاک سعودی بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
وزیر تجارت نے سعودی سفیر کو بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج جلد آنا شروع ہو جائیں گے ۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات بے پناہ قدرتی حسن سے مالامال ہیں ، ان علاقوں میں لگژری ریزورٹس میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اشیا کی مارکیٹنگ کے لیے عالمی سطح پر ’’برانڈ پاکستان‘‘سٹورز قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی مقامی طور پر تیار کردہ اشیا کو عالمی سطح پر متعارف کروایا جائے گا جس سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا ۔