رافنہا کی ہیٹ ٹرک، بارسلونا نے بائرن میونخ کو شکست دے دی
اردو انٹرنیشنل ( اسپورٹس ڈیسک) چیمپیئنز لیگ میں بارسلونا نے بدھ کو بائرن میونخ کے خلاف 4-1 کی شاندار فتح حاصل کی، جس میں کپتان رافنہا نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔
اس جیت کے ساتھ، بارسلونا نے جرمن ٹیم کے خلاف تقریباً ایک دہائی سے جاری شکست کا سلسلہ توڑ دیا۔ بارسلونا نے گزشتہ چھ میچوں میں بائرن سے 22 گول کھائے تھے، لیکن اس بار مقابلہ مختلف رہا۔
میچ کا آغاز ہی بارسلونا کے لیے زبردست رہا، جب انہوں نے ابتدائی 60 سیکنڈز میں ہی بائرن کی دفاعی لائن کو توڑتے ہوئے پہلا گول کر ڈالا، یہ گول بارسلونا کے کپتان رافنہا نے کیا۔
بائرن نے بھی زبردست جواب دیا، بال پر قبضہ جمائے رکھا اور بارسلونا کی دفاعی لائن کو چیلنج کیا۔
میونخ کے کھلاڑی ہیری کین نے ایک خوبصورت ہیڈر سے گول کیا لیکن آف سائیڈ ہونے کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا۔
جلد ہی، 18ویں منٹ میں، ہیری کین نے سرج گینبری کے کراس پر ایک شاندار گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کیا۔
بارسلونا کے اسٹرائیکر رابرٹ لیوینڈوسکی، جو زیادہ تر پہلے ہاف میں غیر فعال نظر آئے، 36 ویں منٹ میں بائرن کی دفاعی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئےگول کر کے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلانے میں کامیاب ہو گئے۔
رافنہا نے پہلے ہاف کے اختتام پر ایک گول اور دوسرے ہاف کے آغاز میں مزید دو شاندار گول داغ کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی ۔
پہلے، مارک کاساڈو کے زبردست کراس پر رافنہا نے گیند کو ہلکے سے گھما کر جال میں پہنچا دیا۔
اور پھر دوسرے ہاف میں، لامیم یمل کے پاس پر گیند کو مینوئل نیور کی پہنچ سے دور کر کے گول کر دیا۔
اب بارسلونا کا اگلا چیلنج ریال میڈرڈ کے خلاف برنابیو میں ہے، جہاں ایک اور دلچسپ مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔