بانی پی ٹی آئی کو جیل میں اور وقت گزارنا پڑے گا رؤف حسن
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ہمیں لگتا ہے عنقریب بانی پی ٹی آئی پر اور مقدمات بھی بنائے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں اور وقت گزارنا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا بھی نظر آرہا تھا کہ رہا ہوجائیں گے تو ان پر آٹھ، نو مقدمات بنا دیے، سائفر کیس میں اگر شاہ محمود قریشی آزاد ہوتے ہیں تو رہا نہیں ہو سکیں گے، ریاستی اداروں کے اوپر اسٹیبلشمنٹ کا پریشر بڑھتا جا رہا ہے، ریاستی اداروں کی کوشش ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں بانی پی ٹی آئی کی سزا ختم ہوچکی ہے، اس وقت بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر آجانا چاہیے تھا۔
رؤف حسن نے کہا کہ ہم لوگ انصاف کا قتل ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ہم یہ تماشہ پچھلے دو سال سے دیکھ رہے ہیں، اس سب میں کہیں انصاف نظر نہیں آتا، جب تک یہ ہوتا رہے گا نہ انصاف ملے گا، نہ آزادی ملے گی،نہ قانون ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ احمد فرہاد کا آج بتایا گیا کہ وہ آزاد کشمیر میں ہے، ایک نظم لکھنے کی پاداش میں ایک شخص کیساتھ یہ سب ہوا، میرے چہرے کا زخم ٹھیک ہوجائے گا ریاست کے چہرے کے دھبے نہیں دھلیں گے، جھوٹی کہانیوں پر مقدمے بنائے جاتے ہیں۔
رؤف حسن نے یہ بھی کہا کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ میں فوج کے بارے میں کہیں بھی غلط بات نہیں، حمود الرحمان کمیشن میں جنرل یحییٰ خان کے بارے میں ضرور لکھا ہے، جنرل یحییٰ خان نے اقتدار کو طوالت دینے کیلئے ریاست کو داؤ پر لگایا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 76 سال سے اسٹیبلشمنٹ کا رول ہم دیکھ رہے ہیں، ہم وزیراعظم کو گرانا اور دوبارہ اقتدار میں لانا دیکھ رہے ہیں، پچھلے دو سال میں پاکستان میں آئین و قانون کا فقدان نظر آیا ہے، آج پاکستان کشکول لے کر پھر رہا ہے سب سے بڑی وجہ ڈکٹیٹرشپس ہیں۔