Plane collides with fire truck at New York airport, 2 pilots killed, dozens injured
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے لا گارڈیا ائیرپورٹ پر ایک سنگین فضائی حادثے میں ایئر کینیڈا ایکسپریس کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق سی آر جے 900 طیارہ مونٹریال سے نیویارک پہنچا تھا اور اس میں 72 مسافر اور 4 عملے کے ارکان سوار تھے۔ طیارہ جاز ایوی ایشن کے تحت آپریٹ کیا جا رہا تھا۔
حادثے کے نتیجے میں پائلٹ اور فرسٹ آفیسر موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ مجموعی طور پر 41 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے 32 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ 9 افراد بدستور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ دو فائر فائٹرز بھی شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کے بعد لاگارڈیا ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جس سے پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ حکام کے مطابق فائر ٹرک ایک دوسرے طیارے کی ایمرجنسی صورتحال کے باعث رن وے پر موجود تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ابتدائی آڈیو ریکارڈنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ فائر ٹرک کو رن وے کراس کرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم عین وقت پر کنٹرولر کی جانب سے رکنے کی ہدایت بھی دی گئی، جو تصادم سے پہلے مؤثر ثابت نہ ہو سکی۔
حادثے کی تحقیقات میں کمیونیکیشن;، ایئر ٹریفک کنٹرول کے طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کینیڈا کا سیفٹی بورڈ بھی معاونت کرے گا۔





