
Parliamentary Caucus and Save the Children join forces to protect children's rights
اسلام آباد، 21 جنوری 2025: پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال (پی سی سی آر) کی کنوینر ڈاکٹر نکہت شکیل خان اور سیو دی چلڈرن کے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر رضا حسین قاضی کے درمیان گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ممکنہ تعاون کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کاکسز کے حوالے سے جاری سرگرمیوں اور سندھ اسمبلی میں نئے کاکس کے قیام کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اس وژن کو بھی اجاگر کیا جس کے تحت تمام صوبوں اور اسمبلیوں میں یکساں کاکسز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ باہمی تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔
انہوں نے فروری 2025 تک بلوچستان، آزاد کشمیر، اور گلگت بلتستان کی اسمبلیوں کے مشاورتی دوروں کا منصوبہ پیش کیا، جن کا مقصد بچوں کے حقوق کے حوالے سے مزید اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ رضا حسین قاضی نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام 2024 میں تعاون کرنے پر سیو دی چلڈرن کا شکریہ ادا کیا اور 2025 میں اس شراکت داری کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔
ملاقات کے دوران بچوں پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر بھی بات ہوئی اور اس سلسلے میں قانون سازی کے ذریعے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔