
پاکستان نے حج 2025 کے 12.4 ملین ڈالر کی بچت زائرین کو واپس کرنا شروع کر دی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ حکومت نے حج 2025 کی لاگت میں ہونے والی بچت کو زائرین کو واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق 3.5 ارب روپے (یعنی 12.4 ملین ڈالر) کی رقم 31 اکتوبر تک واپس کر دی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستانی حکومت ہر سال حج کے دوران ہونے والی بچت کی رقم زائرین کو واپس کرتی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ رقم براہِ راست زائرین کے بینک اکاؤنٹس میں اُن کی متعلقہ شاخوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کو کل 179,210 زائرین کا کوٹہ دیا تھا، جو عام طور پر سرکاری اور نجی اسکیموں میں برابر تقسیم کیا جاتا ہے۔
وزارت نے کہا حج 2025 کی بچت کی رقم واپس کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 3.5 ارب روپے (12.4 ملین ڈالر) حج 2025 کے زائرین کو واپس کیے جائیں گے۔
وزارت کے مطابق ریفنڈ کی رقم میں فرق کی وجہ منیٰ اور مکہ مکرمہ کے مختلف زونز میں رہائش کے اخراجات کا فرق ہے۔ وزارت نے ریفنڈ کی تفصیل بھی جاری کی:
کل زائرین میں سے تقریباً 25 فیصد (21,895) کو کوئی رقم واپس نہیں ملے گی۔
14 فیصد زائرین (12,286) کو فی کس 12,000 روپے (42.60 ڈالر) ملیں گے۔
13,939 زائرین کو فی کس 25,000 روپے (88.75 ڈالر) واپس کیے جائیں گے۔
10 فیصد زائرین (8,496) کو فی کس 48,000 روپے (170.4 ڈالر) ملیں گے۔
23 فیصد زائرین (20,302) کو فی کس 75,000 روپے (266.25 ڈالر) واپس کیے جائیں گے۔
12 فیصد زائرین (10,945) کو فی کس 90,000 روپے (319.50 ڈالر) ملیں گے۔
408 زائرین کو فی کس 110,000 روپے (390.50 ڈالر) واپس کیے جائیں گے۔
وزارت کے مطابق حج 2026 کے لیے بھی پاکستان کو 179,210 زائرین کا وہی کوٹہ دیا گیا ہے۔ ان میں سے تقریباً 118,000 نشستیں سرکاری اسکیم کے لیے مختص کی گئی ہیں جبکہ باقی نجی ٹور آپریٹرز کو دی جائیں گی۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ اس سال سرکاری اسکیم کے لیے 30,000 اضافی کوٹہ جاری کیا گیا ہے۔
وزارت نے آئندہ زائرین کو یاد دہانی کرائی کہ حج 2026 کی دوسری قسط 3 سے 15 نومبر کے درمیان نامزد بینکوں میں جمع کرانی ہوگی، اور ہر زائر کو اس بارے میں “Pak Hajj” موبائل ایپ کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
وزارت نے مزید بتایا کہ لانگ حج پیکج (40 دن) کی لاگت 11,50,000 روپے (4,094 ڈالر) مقرر کی گئی ہے۔ شارٹ حج پیکج (25 دن) کی لاگت 12,00,000 روپے (4,272 ڈالر) ہوگی۔





