ٹرمپ کو 45 ملین ڈالر کا عطیہ دینے کا کبھی وعدہ نہیں کیا: ایلون مسک کی تردید
خبر رساں ادارے “رائٹرز” کے مطابق ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے منگل کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ وہ ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کو ہر ماہ 45 ملین ڈالر عطیہ کر رہے ہیں۔
گذشتہ منگل کو وال سٹریٹ جرنل نے اس معاملے سے واقف لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا کے ارب پتی نے امریکی صدارت کے لیے ٹرمپ کی حمایت کرنے والے نئے فنڈ کو ہر ماہ تقریباً 45 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کرنے کا منصوبہ بنایا۔
جرنل کے مطابق ایلون مسک کے عطیات امریکہ پی اے سی کے نام سے ایک سیاسی گروپ کو دیئے جانے کی توقع تھی جو نومبر کے عام انتخابات سے قبل مساوی حمایت کی حامل ریاستوں میں رہائشیوں کے درمیان ووٹر رجسٹریشن، ابتدائی ووٹنگ اور ووٹ بذریعہ ڈاک کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
یاد رہے کہ مساوی حمایت کی حامل وہ امریکی ریاستیں ہیں جہاں دو جماعتوں یا صدارتی امیدواروں کو برابر کی سطح پر حمایت حاصل ہو اور وہاں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہو۔