اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبر کمیٹی کے چیئرمین اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سابق سیکرٹری مبشر عثمانی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران نقوی کے ساتھ پی سی بی کے سی ای او سمیر احمد سید اور ان کے مشیر سلمان نصیر بھی تھے۔ پی سی بی حکام نے مبشر کو میگا ایونٹ کی تیاریوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
نقوی نے مبشر سے کہا کہ پاکستان اپنے ملک میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے ہم ایک پرامن قوم ہیں، اور ہمارے لوگوں کو کرکٹ سے گہری محبت ہے۔
نقوی اور ان کی ٹیم نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ تمام آنے والی ٹیموں کو ایونٹ کے دوران صدارتی سطح کی سیکورٹی ملے گی۔
نقوی نے ٹورنامنٹ کے لیے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ شائقین میچوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ہر حصہ لینے والی ٹیم کو ریاستی مہمان کی سطح کا پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات پر غور کرتے ہوئے، نقوی نے کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
چیمپیئنز ٹرافی پر تبادلہ خیال کے علاوہ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات دونوں میں کرکٹ کے فروغ پر بھی توجہ دی گئی۔