محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا
اردوانٹرنیشنل(اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیز گیند باز محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ فارمیٹ میں اپنی 700 ویں وکٹ لے کر اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
چونتیس سالہ تیز گیند باز، جو اس وقت ہیمپشائر کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے کینٹ کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ کی دوسری اننگز میں یہ شاندار کارنامہ انجام دیا۔
انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 700 وکٹ مکمل کرنے کے لیے کینٹ کے جیک لیننگ پلمب کی وکٹ حاصل کی۔
محمد عباس یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے 14ویں کھلاڑی بن گئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وہ 2021 میں ٹیم میں شامل ہونے کے بعد سے ہیمپشائر کے لیے باقاعدہ پرفارمر رہے ہیں جاری کاؤنٹی چیمپیئن شپ سیزن میں، انہوں نے 27.34 کی اوسط سے 9 میچوں میں 26 وکٹ حاصل کیں۔
دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے 2017-2021 کے دوران 25 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 23.02 کی شاندار اوسط سے 90 وکٹ حاصل کیں۔
انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اوے سیریز کے دوران کھیلا، پہلی اننگز میں 3 وکٹ حاصل کیں، جبکہ دوسری اننگز میں وہ بغیر کسی وکٹ کے رہے۔