پی ٹی ایم کے معاملے پرعلی امین کی میزبانی میں جرگہ، محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی کی شرکت
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے معاملے پر گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔
جمعرات کو وزیراعلٰی ہاؤس میں منعقدہ جرگے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی حکومت کی نمائندگی کی جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی جرگے میں شریک ہوئے۔
جرگے سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس جرگے کے ذریعے ہم درپیش مسئلے کے پُرامن حل کے لیے راستہ نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے ہم نے پشتون روایات کے مطابق آج یہ جرگہ منعقد کیا ہے۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ جرگے میں شریک تمام سیاسی قائدین کی آراء اور تجاویز کا بھر پور احترام کیا جائے گا۔
گزشتہ شب وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے حکومت اور اپوزیشن اراکین کے اجلاس میں جمعرات کو جرگہ بلانے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ پی ٹی ایم کے معاملے کو دیکھا جائے۔
جرگے میں شریک شخصیات میں سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، وفاقی وزیر امیر مقام عوامی نیشل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم، سابق رکن پارلیمان محسن داوڑ، اے این پی کے میاں افتخار حسین، محمد علی شاہ باچا اور قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپاؤ شامل ہیں۔