اسرائیل کے ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز روبوٹس نے شہری علاقوں میں تباہی مچادی

اسرائیل کے ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز روبوٹس نے شہری علاقوں میں تباہی مچادی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی کے بعد اپنے تباہ شدہ علاقے میں واپس آنے والے ایک فلسطینی شہری نے اپنے خاندان کا خیمہ ایک غیر پھٹے ہوئے اسرائیلی بم کے اوپر لگا دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ایمن قدورہ نامی شخص جنوبی شہر خان یونس میں اپنے گھر واپس آیا تو اس نے دیکھا کہ اس کا پورا محلہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ تباہ شدہ گھروں کے درمیان اسے ایک بھاری اسرائیلی بکتر بند آلہ ملا، جسے مقامی طور پر “دھماکہ خیز روبوٹ” کہا جاتا ہے۔
قدورہ کا کہنا ہے کہ رہائش کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہ ہونے کے باعث اسے اسی خطرناک مقام پر اپنے خاندان کے لیے عارضی خیمہ لگانا پڑا۔میرے پڑوسی کے گھر میں بھی ایک ایسا ہی بارودی آلہ موجود تھا، جبکہ ایف-16 میزائل نے ہمارے گھروں کے درمیان تین میٹر گہرا گڑھا بنا دیا۔
دس اکتوبر کو جنگ بندی کے بعد خان یونس میں سیکڑوں خاندان واپس آ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق، اب تک دو لاکھ پینتیس ہزار سے زائد افراد جنوبی کیمپوں سے شمالی علاقوں کی طرف واپس جا چکے ہیں۔ تاہم، واپسی کرنے والے اکثر فلسطینیوں کو اپنے گھر تباہ حالت میں ملے ہیں۔ ہر طرف ملبہ، مڑا ہوا لوہا اور خطرناک ہتھیار بکھرے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے شہری علاقوں میں ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے دھماکہ خیز روبوٹس تعینات کیے تھے، جنہوں نے بڑے پیمانے پر تباہی اور شہری ہلاکتوں کا باعث بنے۔
قدورہ اور اس جیسے ہزاروں دیگر فلسطینی اب ملبے کے درمیان زندہ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں، جہاں ان کے سروں پر نہ چھت ہے نہ سلامتی کی کوئی ضمانت






