
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کی القسام بریگیڈ کے اعلان کے بعد اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس پر غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کو ہدایت کردی ہے کہ وہ غزہ میں اپنی برادری کا دفاع کرنے کے لیے بھرپور تیاری کرلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی موخر کرنے کا اعلان جنگ بندی معاہدے کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام، حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی روک دی
خیال رہے کہ گزشتہ روز حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن باسم نعیم نے بھی اسرائیل پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم غزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے کسی بھی رکاوٹ پر قابو پانے کے لیے تیار ہے لیکن اسرائیل اس معاہدے کو کمزور کرنے کے لیے ’مکروہ کھیل‘ کھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے امریکا سمیت ثالثوں کو متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی خلاف ورزیوں، امداد کی فراہمی میں تاخیر کے ساتھ ساتھ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل معاہدے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے پانچواں مرحلہ مکمل ہوا تھا، اس دوران حماس نے 3 صہیونی یرغمالیوں کو رہا کیا جب کہ اسرائیل نے 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔