اسرائیل کا شام کے حمص اور حماۃ صوبوں پر حملہ: سرکاری میڈیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کو علی الصبح بتایا کہ اسرائیل نے شام کے شہر حمص میں ایک صنعتی مقام اور حماۃ شہر کے قریب دیہی علاقوں میں ایک فوجی مقام کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے۔
رائٹرز کے مطابق شامی ٹی وی نے صنعتی سائٹ کے ڈائریکٹر عامر خلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے حمص میں صنعتی مقام پر ایک کار مینوفیکچرنگ پلانٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں اس وقت اسے بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ بمباری میں جس کار اسمبلی پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا وہ ایک “ایرانی فیکٹری” تھی، ایرانی کار فیکٹری کو براہ راست نشانہ بنایا گیا اور حما کے جنوبی دیہی علاقوں پر بھی حملے کیے گئے۔
سرکاری میڈیا نے بھی رپورٹ کیا کہ شام کے شہر درعا میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور ان کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔