اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے میزبان ملک پاکستان کا نام اپنی شرٹس سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی کے ذرائع نے واضح کیا کہ تمام حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے یہ لازمی شرط ہے کہ وہ اپنی کٹس پر ٹورنامنٹ کا آفیشل لوگو آویزاں کریں جس میں میزبان ملک کا نام بھی شامل ہے۔
آئی سی سی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی شرٹس میں ٹورنامنٹ کا لوگو شامل کرے تمام ٹیمیں اس اصول کی تعمیل کرنے کی پابند ہیں.
آئی سی سی کی وضاحت بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بی سی سی آئی نے آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم انڈیا کی شرٹس سے پاکستان کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ٹیم اپنی شرٹس پر آفیشل لوگو آویزاں کرنے میں ناکام رہی تو اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دریں اثنا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے بھی ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بورڈ کے کسی عہدیدار نے اس معاملے کے حوالے سے کسی بھارتی خبر رساں ایجنسی سے کوئی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ 15 میچوں پر مشتمل آٹھ ٹیموں کا یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان اور دبئی کے تین مقامات کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔