ہرنائی: کوئلے کی کان میں دھماکا، 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں ہرنائی کے علاقے زردآلو کے علاقے میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کوئلے کی کان دھنسنے سے 20 کان کن پھنس گئے تھے.
مقامی افراد نے بتایا کہ گیس دھماکے کے وقت کان میں 20 کان کن موجود تھے، بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے کاروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو کان سے نکال لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئلے کی کان میں پھنسے 8 کان کنوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ 4 کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ہیں، کان میں پھنسے مزید افراد کی تلاش کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دو ٹیمیں ہرنائی روانہ کردی گئی ہیں، ایک ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنسے دیگر کان کنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں ہر سال کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے درجنوں مزدور حفاظتی آلات اور حفاظتی تربیت کے فقدان کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔