غزہ: جبالیا کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں 30 افراد جاں بحق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے جمعے کی شام ایک اعلان میں بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیا کے علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اس سلسلے میں غزہ میں ادارے کے ترجمان محمود بصل کے مطابق جبالیا شہر میں اسرائیلی بمباری سے 12 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اس سے قبل غزہ کے شمال میں شہری دفاع کے سربراہ احمد کحلوت نے بتایا تھا کہ جبالیا شہر پناہ گزین کیمپ پر کئی حملوں میں 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مزید یہ کہ پناہ گزین کیمپ میں 8 اسکولوں کو خاص طور پر نقصان پہنچا جہاں نقل مکانی کرنے والے افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ محمود بصل کے مطابق حملے کے بعد 14 افراد لا پتا ہیں، لگتا ہے کہ وہ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔
شہری دفاع کے ذرائع کے مطابق جمعے کو دن بھر ہونے والے حملوں میں کم از کم 110 افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب بین الاقوامی تنظیم ” ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز” نے بتایا ہے کہ جبالیا پر اسرائیلی بم باری شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد ہزاروں افراد کیمپ میں محصور ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حملے کی اس مہم کا مقصد حماس کو اپنی صفیں از سر نو ترتیب دینے سے روکنا ہے۔
جبالیا شمالی علاقہ ہے جو غزہ میں تاریخی طور پر سب سے بڑا پناہ گزین کیمپ ہے۔