سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو واپس پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا فیصلہ
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو واپس پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے.
اس حوالے سے ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کے معاملے پر ہم نے بہت مشاورت کی تھی اس کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا تھا، اس وقت ہمارے پاس آپشن کم تھے۔
اسد قیصر نے کہا کہ “اگر الیکشن کمیشن سے ہمیں بلے کا نشان واپس مل جاتا ہے تو دونوں جماعتوں کو آپس میں ضم کردیں گے، ہم اس جماعت میں شامل رہیں گے مگر دونوں پارٹیوں کو ضم بھی کریں گے”۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ہم انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جائیں گے۔ جو عدالتوں اور ٹربیونل میں معاملات چل رہے ہیں انشا اللہ ہمیں انصاف کی توقع ہے.
موجودہ حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس وقت جو ملکی معاشی حالت ہے یہ جعلی حکومت اسے نہیں سمجھ سکتی ہے، یہ جلد میدان چھوڑکر خود بھاگیں گے۔