اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ دعا ہے نیا سال پاکستان قوم کے لیے امن اور خوشحالی لیکر آئے، اُمید ہے عالمی سطح پر 2025 امن و استحکام کا سال ہو، ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے محنت کرنا ہوگی۔
صدر آصف علی زرداری نے نئے سال کےدوران نوجوانوں پرسرمایہ کاری کرنے، غریبوں کی ترقی پرتوجہ مرکوز کرنےاورماضی سےسبق حاصل کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ 2025 کا سورج ملک کے لیے ترقی کی نوید لے کرطلوع ہو۔
انہوں نے کہا کہ نیا سال پاکستان کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کا سال ہو، وزیر اعظم نے مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کےعزم کابھی اظہار کیا۔
یاد رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا اور ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں نئے سال کا آغاز آتش بازی سے کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔