چینی صدر شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دینے والے پہلے عالمی رہنما بن گئے
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دینے والے پہلے عالمی رہنما بن گئے ہیں.
شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف اور پاکستان کی نئی حکومت کی قیادت میں اور تمام شعبہ ہائے زندگی کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان قومی ترقی کے سفر میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا.
چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کو اپنی روایتی دوستی کو جاری رکھنا چاہیے اور تمام شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے.
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مشترکہ طور پر اپ گریڈ کرتے ہوئے قریبی تعلقات کو تعاون کی نئی بلندیوں پر لے جانا چاہئے۔
چینی وزیر اعظم لی کیانگ نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے.
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے ہونے والے آج کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 201 ووٹ لے کر دوسری دفعہ پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب شہباز شریف کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کیلئے نامزد امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے۔