برازیل : بارش اور طوفان سے تباہی، 25 افراد ہلاک، ریسکیو کی کوششیں جاری
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) برازیل کے جنوب مشرقی علاقوں میں بارش اور طوفان سے ہر طرف تباہی مچ گئی اور مختلف حادثات میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی ریاست ریوڈی جنیرو میں بارش اور سیلاب سے ہزاروں لوگ بےگھر ہو گئے، ریو ڈی جنیرو میں 10 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اسپیریتو سانتو میں 17 اموات ہوئی اور متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
برازیل کے ریسکیو حکام کے مطابق ریو ڈی جنیرو اور اسپیریتو سانتو میں صورتحال انتہائی خراب ہے اور ریسکیو ٹیمیں 24 گھنٹے رضا کارانہ کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے ریو ڈی جنیرو میں بارش کے باعث تباہ ہونے والے گھر کے ملبے سے 16 گھنٹے بعد ایک بچی کو بحفاظت باہر نکالا، بچی کے ساتھ اس کے والد کی لاش بھی نکالی گئی جس نے بچی کو بچا رکھا تھا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہفتے کے آخر میں آنے والے سیلاب نے ریو ڈی جنیرو اور ایسپریتو سانتو کی ریاستوں کو بری طرح متاثر کیا جہاں حکام نے سیلاب کے باعث صورتحال کو ہنگامی قرار دے دیا۔
اتوار کو ایسپریتو سانتو میں مرنے والوں کی تعداد 4 سے بڑھ کر 17 ہو گئی، جہاں پانی کی سطح بارش کی عارضی طور پر کم ہونے کے باعث نیچے آگئی جس سے ریسکیو کارکنان کو آگے بڑھنے میں مدد ملی۔
سب سے زیادہ متاثرہ میونسپلٹی میموسو دو سول تھی، جو ایسپریتو سانتو کے جنوب میں تقریباً 25 ہزار باشندوں پر مشتمل ایک قصبہ ہے، جہاں سیلاب سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سیلابی پانی کے کم ہوتے ہی تباہ شدہ گدوں، کرسیوں اور گھریلو سامان سے گلیوں میں ملبے کے پہاڑ بن گئے ہیں۔