
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے ملاقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں، دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف کے سامنے پی ٹی آئی کے تمام مطالبات رکھے ہیں،اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات پشاور میں ہوئی ہے، دوسری جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ میری اور بیرسٹر گوہر کی سیکیورٹی صورتحال پر دیگر جماعتوں کے ہمراہ آرمی چیف سے ملاقات ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تفصیلات بیان کردیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور سے پشاور میں بات چیت خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی معاملات کے تناظر میں ہوئی، اس دوران کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، تو چیئرمین پی ٹی آئی کو جواباً بتا دیا گیا کہ سیاسی معاملات پر بات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کوشش کی گئی ہے کہ سیکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے جو افسوس ناک ہے۔