
Bangladesh asks India to stop Sheikh Hasina's 'false statements' Photo-Reuters
اردو انٹرنیشنل بنگلہ دیش نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو “جھوٹے اور من گھڑت” بیانات دینے سے روکے۔ شیخ حسینہ، جو گزشتہ سال پرتشدد احتجاج کے بعد بھارت فرار ہو گئی تھیں، نے بدھ کے روز ایک آن لائن خطاب میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے خلاف بولتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا اور بنگلہ دیش میں اپنے حامیوں سے حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی۔
ان کے بیان سے پہلے ہی ڈھاکہ میں ہزاروں مظاہرین اکٹھے ہو چکے تھے۔ اسی دوران مجیب الرحمان (بنگلہ دیش کے بانی اور شیخ حسینہ کے والد) کے گھر پر حملہ کیا گیا اور اسے آگ لگا کر منہدم کر دیا گیا۔
بنگلہ دیش حکومت نے بھارت سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ملک میں شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کے خلاف بیانات دینے سے روکے تاکہ دو طرفہ تعلقات متاثر نہ ہوں۔ بنگلہ دیش کے عبوری وزیر اعظم محمد یونس نے کہا کہ شیخ مجیب الرحمان کی رہائش گاہ پر حملہ شیخ حسینہ کے “پرتشدد بیانات” کا نتیجہ تھا۔
تاہم، ابھی تک بھارتی حکومت نے بنگلہ دیش کے اس مطالبے پر کوئی تبصرہ نہیں دیا، لیکن بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مجیب الرحمان کے گھرکو منہدم کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بنگلہ دیش کے قومی شعور پر حملہ قرار دیا۔
شیخ حسینہ کے بھارت جانے کے بعد سے بنگلہ دیش سیاسی بحران کا شکار ہے اور ملک میں مسلسل بدامنی کا شکار ہے۔ عبوری حکومت امن و امان برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن صورتحال کشیدہ ہے۔