مبینہ بیٹی چھپانے کا معاملہ، ٹیریان وائٹ کیس پر عید کے بعد دوبارہ سماعت کا امکان
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالتی حکام نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر درخواست پر عید کے بعد سماعت کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ مئی 2023 کے بعد سے عملی طور پر التوا کا شکار ہے، جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس کیس کی سماعت کرنے والے 3 رکنی بینچ کو تحلیل کر دیا تھا جب درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دو ججوں کی رائے عدالت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل 3 رکنی لارجر بینچ نے 30 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جب کہ جسٹس کیانی اور جسٹس طاہر نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے خلاف رائے دی تھی۔
اکثریتی فیصلہ منظر عام پر آنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے نیا بنچ تشکیل دیا تھا جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفعت امتیاز شامل تھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قوانین کے مطابق سینئر ترین جج کسی مقدمے میں کارروائی کی صدارت کرتا ہے اور رجسٹرار کا دفتر صدارت کرنے والے جج کی رضامندی سے سماعتوں کو مقرر کرتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک سینئر اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ اس کیس کی فائل پریزائیڈنگ جج جسٹس جہانگیری کو گزشتہ سال بھیجی گئی تھی اور انہوں نے رجسٹرار آفس کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس معاملے کو زیر التوا رکھیں کیونکہ انہیں سماعت کی تاریخ سے آگاہ کرنا تھا۔
اہلکار نے مزید کہا کہ اس معاملے کو جج کے علم میں لایا جائے گا اور امکان ہے کہ کیس کو عید کی چھٹیوں کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 10 مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے خلاف مبینہ بیٹی چھپانے کا کیس اس وقت غیر معمولی ڈرامائی انداز اختیار کرگیا تھا جب جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر کی طرف سے درخواست کو خارج کرنے کا اکثریتی فیصلہ چند منٹ بعد ہی عدالت کی ویب سائٹ سے حذف کر دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے مبینہ طور پر بیٹی چھپانے کے خلاف دائر درخواست پر اکثریتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریر کیا اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس کی توثیق کی جس میں کہا گیا کہ درخواست شروع سے ہی قابلِ سماعت نہیں تھی۔
لارجر بینچ نے درخواست دائر کرنے میں درخواست گزار کے طرز عمل کی بھی نفی کی اور استفسار کیا کہ درخواست گزار کو اس حقیقت کو ذہن میں رکھنا چاہیے تھا کہ عدالت ایسا آلہ نہیں جس کا استعمال غیر متعلقہ معاملات کے لیے ہونا چاہیے۔