بلفاسٹ اسٹیشن پر افغان شہری گرفتار، غیر قانونی برطانیہ میں داخلے کا الزام

بلفاسٹ اسٹیشن پر افغان شہری گرفتار، غیر قانونی برطانیہ میں داخلے کا الزام
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) آئریش نیوز کے مطابق ایک شخص کو بلفاسٹ کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر اس الزام میں گرفتار کیا گیا ہے کہ وہ کامن ٹریول ایریا کے ذریعے برطانیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے مطابق 25 سالہ افغان شہری عباد اللہ علیمی، جو ڈبلن میں مقیم ہے، ڈبلن سے بلفاسٹ آنے والی ٹرین کے ذریعے چار دیگر افغان شہریوں کے ساتھ بلفاسٹ پہنچا۔
اسے آئرلینڈ سے برطانیہ میں مبینہ طور پر لوگوں کو اسمگل کرنے کی تحقیقات کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ہوم آفس امیگریشن انفورسمنٹ کے افسران نے اسے اسٹیشن پر ایک ’مشکوک سہولت کار‘ کے طور پر شناخت کیا۔
این سی اے کی تحقیقات کے مطابق وہ ایک جوڑے اور ان کے دو کم عمر بچوں کے ساتھ سفر کر رہا تھا، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ برطانیہ میں غیر قانونی داخلے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق وہ فرانس سے پہلے جمہوریہ آئرلینڈ پہنچے، اور پھر ڈبلن سے بلفاسٹ تک ٹرین میں سفر کیا۔ شبہ ہے کہ ان کا ارادہ بعد میں انگلینڈ جانے کا تھا۔
اس شخص کو حراست میں لے کر جمعرات کی شام غیر قانونی امیگریشن میں مدد فراہم کرنے کے الزام میں چارج کیا گیا۔ وہ جمعے کے روز لاگنسائیڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش ہوگا۔
اس کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کو امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
منظم امیگریشن کرائم کے خلاف کارروائی این سی اے کی اولین ترجیح ہے، اور یہ کیس ان تقریباً 100 جاری تحقیقات میں سے ایک ہے جو اس قسم کے اعلیٰ سطحی مجرم نیٹ ورکس اور افراد کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ این سی اے بلفاسٹ برانچ کمانڈر ڈیوڈ کننگھم نے کہا ہم اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ کامن ٹریول ایریا کے غلط استعمال کو روکا جا سکے، اور جہاں بھی ممکن ہو کارروائی کی جائے گی۔





