میں نے قوم کی ترجمانی کی ہے میں بے گناہ ہوں،شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا ہوتے ہی پنجاب پولیس نے دوبارہ تحویل میں لے لیا، سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں رہا کیا گیا، تاہم جیل سے نکلتے ہیں راولپنڈی پولیس نے سابق وزیر خارجہ کو اپنی تحویل میں لے لیا اور بکتر بند گاڑی میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
گرفتاری کے وقت شاہ محمود قریشی نے بکتر بند گاڑی پر کھڑے ہوکر کہا کہ مجھے بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، میں نے قوم کی ترجمانی کی ہے میں بے گناہ ہوں، مجھے قوم کی خدمت کرنے پر سزا دی جارہی ہے، مجھے سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا، اب دوبارہ گرفتاری ظلم ہے۔
بتایا جاریا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو نظر بند کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی نظربندی کے احکامات جاری کیے، اس حوالے سے ڈی سی کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں، ان مقدمات میں سابق وزیر خارجہ سے تفتیش درکار ہے، اس لیے شاہ محمود قریشی کو نظر بند کیا جارہا ہے۔