
سپریم کورٹ نےالیکشن سے متعلق سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی درخواست پر سپریم کورٹ نے بیوروکریسی کے تحت انتخابات کرانے کے معاملے پر گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔
6 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے، آر اوز سے متعلق لاہور ہائی کورٹ مزید کارروائی نہیں کر سکتی۔
تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر عمیر نیازی کو آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔
سپریم کورٹ نے عمیر نیازی سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیوں نہ اُن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت، اٹارنی جنرل، صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹسز جاری کردیے اور تمام فریقین کو موسم سرما کی تعطیلات کے بعد طلب کر لیا۔
سپریم کورٹ: آر اوز کی تعیناتی منسوخ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ روک دی تھی جس کے سبب انتخابات کے 8 فروری کے انعقاد پر خطرہ منڈلانے لگا تھا، ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔