
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ جنرل ضیالحق کا دور سب سے خوفناک تھا، اس دور میں منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو عہدے سے ہٹا کر قتل کیا گیا۔
لاہور کے نجی ہوٹل میں پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل اینیمل اینڈ انوائرنمنٹل رائٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جنرل ضیا کے دور میں سپریم کورٹ بھی استعمال ہوئی جسے سپریم کورٹ نے کئی سال بعد خود تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضیاالحق کے دور میں لاہور کے شاہی قلعے میں ٹارچر سیلز بنائے گئے تھے، جہاں مختلف سیاسی نقطہ نظر رکھنے والے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا، لوگوں کو مہینوں عقوبت خانوں میں رکھا جاتا تھا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جنرل ضیا نے سری لنکا کی حکومت سے درخواست کی کہ ان کی بیٹی ہاتھی کا بچہ رکھنا چاہتی ہے، ہاتھی بھی ہم انسانوں کی طرح بہت جذباتی ہوتے ہیں، 3 سالہ ہاتھی کا بچہ سری لنکا سے پاکستان آیا اور ایک بیک یارڈ میں رکھا گیا، ہاتھی کا بچہ بڑا ہوا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں چڑیا گھر بنایا جائے اور اسے وہاں رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں انسان محفوظ نہیں تو جانوروں کی بات کیوں کی جائے، ججوں پر بات کی جاتی ہے قانون تو ایک ہے لیکن ججمنٹ کیوں مختلف ہوتی ہے، قانون ایک ہوتا ہے لیکن کیس کی نوعیت مختلف ہوتی ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی اچھی چیزیں بھی ہورہی ہیں، قیدیوں کے حقوق سے متعلق ججمنٹ بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے دی، بنیادی حقوق سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے بہت سے فیصلے ملیں گے۔